رمضان کے پہلے عشرہ میں 226منافع خور گرفتار، 18لاکھ جرمانہ

رمضان کے پہلے عشرہ میں 226منافع خور گرفتار، 18لاکھ جرمانہ

  

لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور نے رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ شہر بھر میں 4061 انسپکشنز کی گئیں،726 خلاف ورزیاں سامنے آئیں اور17 لاکھ 97 ہزار 400 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے اور198 ایف آئی آرز کا اندراج کروایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ226 افراد کو حراست میں لیا گیا اور 42 افراد کو سیدھا جیل بھیج دیا گیا ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود ہیں اور پرائس چیکنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اسی طرح ضلعی انتظامیہ لاہور نے پرائس کنٹرول کی گزشتہ روز کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر بھر میں 272 انسپکشنز کیں، 42 مقامات پر گراں فروشی پائی گئی،1 لاکھ 54 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ3 گراں فروشوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کروایا گیا اور 3 گراں فروشوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں اور سختی کریں اورمنڈیوں میں پھلوں و سبزیوں کی نیلامی کو بھی مانیٹر کیا جائے۔ علاو ہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور نے گزشتہ روز کی فروٹ وسبزی اور گراسری کی دکانوں کی پرائس چیکنگ کے حوالے سے تحصیل کینٹ کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔نشاط کالونی اور نادرآباد لاہور کینٹ میں موصول ہونے والی شکایات پر چیکنگ کو یقینی بنایا گیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اسماعیل شاہد نے کارروائیاں کیں، 21 انسپکشنز کی گئیں،05 خلاف ورزیاں سامنے آئیں،01 ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا اور68 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ پرائس چیکنگ کے حوالے سے ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اورتمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر سبزی و فروٹ منڈیوں، دکانوں کی چیکنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -