ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا امکان

ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا امکان
ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا امکان

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا،اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

سندھ اور بلوچستان سمیت پنجاب کے کچھ مقامات میں آج موسم خشک اور گرم رہے گا۔گزشتہ روز بھی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر بارش ہوئی اور ان علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا۔

گلگت بلتستان کے علاقے بگروٹ میں 22 ملی میٹر، ہنزا میں 7 ملی میٹر، خیبر پختونخوا کے علاقے پاراچنار میں 6 ملی میٹر، دیر میں 5 ملی میٹر، چترال میں 3 ملی میٹر، میرکھانی میں 2 ملی میٹر، پنجاب کے اضلاع لاہور میں 3 ملی میٹر، لیہ اور رحیم یار خان میں ایک ملی میٹر جبکہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں 3 ملی میٹر ٹنڈوجام میں ایک ملی میٹر اور پنجگور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت 43 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی، چھور اور لسبیلہ میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید :

اہم خبریں -ماحولیات -علاقائی -اسلام آباد -