کورونا کے بعد کا دور ایک انقلاب ثابت ہوگا: سابق سفیرِ پاکستان منظور الحق

کورونا کے بعد کا دور ایک انقلاب ثابت ہوگا: سابق سفیرِ پاکستان منظور الحق
کورونا کے بعد کا دور ایک انقلاب ثابت ہوگا: سابق سفیرِ پاکستان منظور الحق

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں بزمِ ریاض کی جانب سے کورونا وائرس اور دنیا پر اس کے اثرات کے عنوان سے بزم کیفے آن لائن سیشن منعقد ہوا جس کے مقررِ خاص اور مہمانِ خصوصی سابق سفیرِ پاکستان برائے سعودی عرب منظور الحق تھے. 

سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے آن لائن سیشن میں بزمِ ریاض کے ارکان کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں، علاوہ ازیں دنیا کے مختلف ممالک سے بھی بزم کے ارکان اور کئی افراد آن لائن بزم کیفے میں شریک تھے. 

اس موقع پر سابق سفیرِ پاکستان منظور الحق نے کورونا وائرس کے دنیا پر اثرات کے حوالے سے مفصل گفتگو کی، منظور الحق کا کہنا تھا کہ کورونا نے دنیا کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے اور کورونا کے بعد کا دور ایک انقلاب ثابت ہوگا، تاریخ بتاتی ہے کہ دنیا میں جب کبھی کوئی بڑی مصیبت آئی تو اس کے نتیجے میں انسان بہتر حکمتِ عملی سے زندگی میں آگے کی طرف بڑھا اور آگے کی طرف بڑھنے کے عمل میں انسان نے نئے علوم سیکھے، نت نئی ایجادات کیں، رہن سہن کے نئے طریقے اپنائے اور اس دوران بہترین ادب تخلیق کیا گویا کہ انسان نے اپنے اوپر آنیوالی مصیبت اور پریشانی کے دور میں تجربے اور سیکھنے کے کامیاب عمل سے گزر کر دنیا کو پہلے سے بہتر بنایا. 

منظور الحق کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے اس دور میں ہمیں احتیاطی تدابیر کو اپنائے رکھنا ہے اور صحت کے رہنما اصولوں کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنا ہے، اپنے رہن سہن کے طریقوں کو بہتر بنانا ہے، اس دور میں تعلیم اور تربیت کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے، ہمیں نئے علوم سیکھنے ہیں، تحقیق اور جستجو کا عمل جاری رکھنا ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان می‍ں آگے بڑھنا ہے، اس مرض کا علاج تلاش کرنا اور ویکسین بنانی ہے، اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے اسباب سے متعلق تمام مفروضوں کا جواب آنیوالا وقت خود دے گا. 

اس موقع پر منظور الحق نے 1922ء کی وباء کے دوران علامہ اقبال کے لکھے ہوئے دو خطوط کا ذکر کرتے ہوئے ان کا اقتباس پیش کیا اور کورونا کے حوالے سے پشتو زبان میں لکھی ہوئی اپنی نظم اردو ترجمہ کے ساتھ پیش کی جسے ناظرین نے بے حد سراہا، جدہ سے آن لائن سیشن میں شریک سعودی میڈیا پرسن اور شاعرہ سمیرہ عزیز اور ریاض سے وقار نسیم وامق نے بھی کورونا سے متعلق اشعار پیش کئے. 

آن لائن سیشن سے تصدق گیلانی ، ریاض راٹھور، تنویر میاں نے بھی خطاب کیا جبکہ سوال و جواب کے سیشن میں عبدالرؤف مغل، احسن عباسی، طلحہ ظہیر، چوہدری مبین، عبدالقیوم خان، قاضی اسحاق میمن، رابعہ قاسم، کامران گیلانی، ریحان اکرم، ڈاکٹر ریاض چوہدری، شکیل کیانی، شبریز اختر اور دیگر شامل تھے، بزم کی جانب سے ارشد شیخ، حسن مہدی، زاہد سندھو، ڈاکٹر طارق عزیز، ڈاکٹر سعید وینس، آر جے فواد، عادل محمود اور دیگر احباب بھی تقریب میں شامل تھے. 

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -