ہونڈا نے ایک مرتبہ پھر سے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ، خواہشمندوں کیلئے پریشان کن خبر
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کے باعث کئی بڑی بڑی کمپنیاں خسارے میں ہیں اور پاکستان میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت دیگر اشیاءپر بھی اثرات مرتب کر رہی ہے جیسا کہ اب ڈالر کی قیمت کو دیکھتے ہوئے ہونڈا اٹلس نے ایک مرتبہ پھر سے گاڑیوں کی قیمتیں بڑھا دی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ہونڈا ٹلس نے اپنی مشہور زمانہ گاڑی ” سویک “ کے تمام ماڈلز کی ایک لاکھ 20 ہزار تک قیمت میں اضافہ کر دیاہے جبکہ سٹی اور بی آر وی کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیاہے جو کہ 5 مئی 2020 سے نافذ العمل ہو گا ۔ہونڈا اٹلس کی سویک کے سب سے سستے ماڈل کی قیمت میں ایک لاکھ روپے اضافہ کیا گیاہے جبکہ فل آپشنل ماڈل میں ایک لاکھ 20 ہزار تک اضافہ عمل میں لایا گیاہے ۔
اس کے علاوہ ہونڈا سٹی کی قیمت کم سے کم 60 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 70 ہزار روپے بڑھا دی گئی ہے ، ہونڈ ا کی ’ ’ بی آر وی “ کی قیمت میں ایک لاکھ روپے تک اضافہ ہو گیاہے ۔
ہونڈا اٹلس نے ” سویک 1.5 لیٹر ٹربو “ کی قیمت میں ایک لاکھ 20 ہزار روپے اضافہ کیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت خرید 44 لاکھ 79 ہزار سے بڑھ کر 45 لاکھ 99 ہزار ہو گئی ہے ، ” سویک 1.5 لیٹر ٹربو اوریل “ کی قیمت اضافے کے بعد 42 لاکھ 49 ہزار سے بڑھا کر 43 لاکھ 49 ہزا ر روپے کردی گئی ہے ، ” سویک 1.8 لیٹر وی ٹی آئی ،ایس آر،ایس وی ٹی “ کی قیمت میں بھی ایک لاکھ 20 ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد اب اس ماڈل کی نئی قیمت 38 لاکھ 99 ہزر روپے ہو گی ۔ سویک کے سب سے سستے ماڈل ” 1.8 لیٹر وی ٹی آئی ، سی وی ٹی “ کی قیمت خرید ایک لاکھ روپے بڑھائی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی پرائس 36 لاکھ 49 ہزار روپے پر آ گئی ہے ۔
ہونڈا جلد ہی مستقبل میں ہونڈا سٹی کا نیا ماڈل متعارف کروانے کا ارادہ کیے ہوئے ہیں تاہم ابھی تک تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن اس سے قبل ہی ” سٹی “ کی قیمت ضرور بڑھا دی گئی ہے ۔ ہونڈا نے ” سٹی 1.3 لیٹر ایم ٹی “ ماڈل کی قیمت میں 60 ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 23 لاکھ 89 ہزار روپے ہو گئی ہے ،سٹی 1.3 لیٹر اے ٹی “ کی پرائس 65 ہزار روپے بڑھائی گئی ہے اور نئی قیمت 25 لاکھ 74ہزار ہو گئی ہے ،” سٹی 1.5 لیٹر ایم ٹی “ کی قیمت میں 70 ہزار روپے اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد اس کی قیمت 23 لاکھ 89 ہزار سے بڑھ کر 24 لاکھ 59 ہزر روپے ہو گئی ہے ۔ ” سٹی 1.5 لیٹر آٹومیٹک “ کی قیمت خرید 25 لاکھ 59 ہزار سے بڑھا کر 26 لاکھ 29 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔سٹی کے سب سے معروف اور پسند کیے جانے والے ماڈل ” 1.5 لیٹر ایسپائر مینول ٹرانسمیشن“ کی قیمت میں بھی 70 ہزار اضافہ کیا گیاہے جس کے بعد اس کی قیمت 26 لاکھ 29 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ اسی کے ایک اور ویرینٹ ” 1.5 لیٹر ایسپائر آٹو میٹک ٹرانسمیشن “ کی قیمت 27 لاکھ 19 ہزار روپے سے بڑھا کر 27 لاکھ 89 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔
ان کے علاوہ بی آر وی کے تمام ماڈلز کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئیں ہیں ، بی آر وی ایم ٹی کی قیمت 29 لاکھ 99 ہزار سے بڑھا کر 30 لاکھ 79 ہزار ، ” بی آر وی سی وی ٹی “ کی قیمت 31 لاکھ 49 ہزار سے بڑھا کر 32 لاکھ 39 ہزار ، ” بی آر وی ، ایس ، سی وی ٹی “ کی قیمت 32 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھا کر 33 لاکھ 99 ہزار کر دی گئی ہے ۔