کورونا وائرس:برطانیہ میں امریکا کے بعد سب سے زیادہ اموات
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا خوفناک سلسلہ تاحال تھم نہیں سکا۔ دنیا بھرمیں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد اس موذی وائرس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ امریکا کے بعد برطانیہ دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتوں والا ملک بن چکا ہے جہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تیس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
برطانیہ سے قبل کورونا وائرس نے امریکا کے بعد سے سب سے زیادہ جانیں اٹلی میں نگلی تھیں جہاں 29 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تاہم اب برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ امریکا کے بعد دوسرا اور یورپ میں سب سےزیادہ ہلاکتوں والا ملک بن چکا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 30ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
UK COVID-19 death toll rises above 30,000, highest in Europe pic.twitter.com/TKXCFuJLGM
— Reuters UK (@ReutersUK) May 5, 2020
رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ اکانوے ہزار سے بھی بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب اٹلی، سپین اور فرانس میں ہلاکتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور یورپ اب لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ وائرس سے مقابلے کے لیے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔
واضح رہے دنیا بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 51 ہزار سے زیادہ ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11 لاکھ سے زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گئیٹریس نے مزید ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین کے لیے تحقیق اور اس کی تقسیم کے لیے امداد دیں۔