پی آئی اے کے 4کرپٹ آفیسروں نے ایئرلائن کا بھاری نقصان کروادیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کے 4کرپٹ افسران نے قومی ایئرلائنز کو بھاری نقصان کرواڈالا۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ان چار افسران میں بکنگ سپروائزرلاہور آصف زمان اور اس کے کولیگ شامل ہیں، جنہوں نے مسافروں کو لاہور سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کا سفر پرانی ٹکٹوں پر کرنے کی اجازت دی۔ ملزمان کے خلاف تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے مسافروں سے رشوت لی اور انہیں پرانی ٹکٹوں پر سفر کرنے کی اجازت دی جس سے کمپنی کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے کورونا وائرس کے ہنگام دنیا میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے مفت پروازیں چلانی شروع کی تھی لیکن پھر بھاری مالی نقصان کی وجہ سے مفت پروازیں بندکرکے قابل کیش ٹکٹ لاگو کر دیا۔ کمپنی کی طرف سے تمام بکنگ دفاتر کو مطلع کر دیا گیا کہ آئندہ تمام پروازوں کے لیے مسافروں کو ٹکٹ خریدنے ہوں گے۔ اس کے بعد بھی آصف زمان اور اس کے کولیگ پرانے ٹکٹس پر مسافروں کو طیاروں میں سوار کراتے رہے۔ذرائع کے مطابق ان خصوصی پروازوں کے ٹکٹ کی قیمت 2لاکھ 75ہزار روپے ہے اور ملزمان نے بے شمار لوگوں کو پرانے ٹکٹس پر مفت سفر کروایا۔