مشکل مالی حالات کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں پر سمجھوتہ نہیں کیا :وزیر اعلی خیبرپختونخوا 

مشکل مالی حالات کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں پر سمجھوتہ نہیں کیا :وزیر ...
مشکل مالی حالات کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں پر سمجھوتہ نہیں کیا :وزیر اعلی خیبرپختونخوا 

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پورے صوبے کی یکساں تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، جن کی تکمیل سے صوبے کی دیر پا ترقی و خوشحالی کا راستہ ہموار ہو گا اور عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی ، اصل مقصد عوام کو بہتر انداز میں خدمات کی فراہمی یقینی بنانا اور اُن کے مسائل حل کرنا ہے جس کیلئے حکومت تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ، حکومت نے کورونا کی وجہ سے مشکل مالی حالات کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور متعدد منصوبے مکمل کئے جن سے عوام بلا تفریق مستفید ہو رہے ہیں۔

 ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مینگورہ بینچ (دارالقضاء) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ صوبائی حکومت معاشرے کے تمام شعبوں کی بہتری کیلئے کوشاں ہے اور تمام اضلاع کی یکساں ترقی چاہتی ہے، صوبے کے دور دراز ، پسماندہ اور شدت پسندی سے متاثرہ اضلاع کی تعمیر و بحالی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ، جس کیلئے مختلف ریجنز کے مسائل کو مدنظر رکھ کر قابل عمل ترقیاتی حکمت عملی وضع کی گئی ہے ۔

وزیراعلیٰ نےکہاکہ یکساں ترقیاتی حکمت عملی کےتحت صوبےکےمختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبے اور عوامی مسائل کے حل میں سنگ میل ثابت ہو ںگے، اُن کی کوشش ہے کہ ہر علاقے کے عوام کو اُن کی توقعات وضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے، کورونا کی حالیہ وباءکی وجہ سے مشکل مالی حالات کے باوجود ترقیاتی عمل جاری ہے اور عوامی مفاد کے میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جارہی ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ سوات موٹروے فیز ٹو ، ڈینٹل کالج ، زرعی یونیورسٹی سوات اور دیگر عوامی فلاح کے منصوبوں کاجلدسنگ بنیادرکھاجائےگااور ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائےگا،یہ منصوبے پورے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوں گے،سوات موٹروے فیز ٹو منصوبے کیلئے زمین کے حصول پر پیشرفت جاری ہے جبکہ سوات یونیورسٹی آف ایگرکلچر کا رواں سال جون میں سنگ بنیاد رکھنے کیلئے متعلقہ حکام کو انتظامات اور لوازمات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ مجوزہ زرعی یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف شعبہ زراعت میں جد ید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم وتحقیق کو فروغ ملے گا بلکہ یہ منصوبہ خطے میں زرعی پیداوار، قدر و معیار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو گا،صوبے کے ہر ریجن میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور عوامی مسائل کے حل کا جائزہ لینے کیلئے باقاعدگی سے اجلاسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا اولین مقصد لوگوں کو سہولیا ت کی فراہمی ہے،تعلیم، صحت ، آبنوشی اور مواصلات و تعمیراتی شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ عوام کو ان شعبوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کی جا سکیں،صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں کی بہتری، بنیادی و دیہی مراکز صحت کی تجدید کار ی ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن و غیرہ کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور ان منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -