نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات بلا کسی دباﺅ کے اٹھاتا رہے گا: جسٹس(ر) جاوید اقبال
نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات بلا کسی دباﺅ کے اٹھاتا رہے گا: جسٹس(ر) جاوید اقبال
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی احتساب بیورو(نیب)کےچیئر مین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات بلا کسی دباؤ کے اٹھاتا رہے گا،نیب نے موجودہ انتظامیہ کے دور میں 487ارب روپے کرپٹ عناصر سے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ نیب کی ایک نمایاں کامیابی ہے، قومی و بین الاقوامی معتبر اداروں نے نیب کی شاندار کامیابی کی تعریف کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، نیب لاہور کی گذشتہ تین سالہ کارکردگی پر ڈی جی نیب لاہور نے جامع بریفنگ دی ، اجلاس میں نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں جسٹس(ر)جاوید اقبال کی قیادت کے دوران2017ءسے تاحال نیب لاہور کی جانب سے ہونیوالی ریکوری کا نیب کےقیام1999ءسے 2016ء تک کی مجموعی ریکوری سے مکمل اعداد و شمار کے ساتھ تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔
ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں گزشتہ چار سالہ دور میں نیب لاہور کی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری، پنجاب کی56کمپنیوں میں ہونیوالی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری کے علاوہ کمپنیز سکینڈل کی موجودہ صورتحال، ہاسنگ سیکٹر میں ہونیوالی ڈائریکٹ و اِ ن ڈائریکٹ ریکوری، معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے ریفرنسز کی صورتحال کے علاوہ ملزمان کو سزائیں دلوانے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
ڈی جی نیب لاہور نے بورڈ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ قیادت کے دور میں 2017ءسے تاحال نیب لاہور مجموعی طور پر 75 ارب سے زائدکی ریکوری کر چکا ہے جس میں 14.4ارب ڈائریکٹ جبکہ 66.6 ارب اِن ڈائریکٹ ریکوری کے طور پر ملزمان سے برآمد کروائے گئے ہیں تاہم ماضی میں نیب کے قیام 1999ءسے2016ء تک کے 17سالہ دور میں نیب لاہور نے مجموعی طور پر 41ارب سات کروڑ کی ریکوری کی جس میں 17 ارب سات کروڑ ڈائریکٹ اور 23ارب کی اِن ڈائریکٹ ریکوری شامل ہے۔
اسی طرح متاثرین کےنقصان کےازالہ کی تفصیلات بیان کرتےہوئےانہوں نےبتایا کہ ماضی کے17سالہ دورمیں کل 8500 متاثرین کی داد رسی کی گئی جن میں2014ءمیں1629متاثرین،2015ء میں 1401 متاثرین اور2016ءمیں 2524متاثرین کےنقصان کا ازالہ شامل ہے جبکہ 1763متاثرین کو اِن ڈائریکٹ ریکوری کروائی گئی۔اسی طرح موجودہ قیادت کےدورمیں مجموعی طور پر58,790متاثرین کے نقصان کا ازالہ کروایا گیا جسکی تفصیلات کیمطابق 14,200متاثرین کو ڈائریکٹ کیش یا پے آرڈر(Pay Orders)کی صورت میں پانچ ارب 60کروڑ روپے تقسیم کئے گئے جبکہ 21,628متاثرین میں اِن ڈائریکٹ ریکوری کے طور پرمکانات، پلاٹ و فلیٹ تقسیم کئے گئے۔
علاوہ ازیں 22,962 متاثرین کو احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنیکی صورت میں ریلیف فراہم کیا گیا۔پنجاب کی 56کمپنیوں کے کیس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیب لاہور نے مذکورہ کیس میں چار ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئےہیں جن میں لاہور پارکنگ کمپنی کیس، پنجاب پاورڈویلپمنٹ کمپنی کیس، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کیس اور پنجاب صاف پانی کمپنی کیس شامل ہیں۔ فی الوقت نیب لاہور میں سات کمپنیوں کے کیسز کی انکوائریوں پر تحقیقات آخری مراحل میں جاری ہیں جبکہ 16کمپنیوں کے کیسز نیب ہیڈ کواٹرز کو مزید کارروائی کیلئے ارسال کئے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں 33انکوائریاں عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند یا مزید کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کو ریفر کی گئی جن میں ایک انکوائری محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو بھی منتقل کی گئی ہے۔اسی طرح دو انکوائریاں پہلے سے جاری انکوائریوں کے ساتھ ضم کر دی گئی ہیں،56کمپنیز سکینڈل میں ہونیوالی بڑی ریکوری پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں ملزم اکرام نوید سے اِن ڈائریکٹ ریکوری کیصورت میں کم و بیش ایک ارب مالیت کے اثاثہ جات کی برآمدگی رہی جبکہ لاہور پارکنگ کمپنی کیس میں پلی بارگین کے تحت آٹھ کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔
56کمپنیز سکینڈل میں ایک اور قلیدی پیش رفت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کیس میں کمپنی کو نیب لاہور کے اقدامات سے دو بین الاقوامی فرمز سے صفائی کیلئے استعمال ہونیوالی کم و بیش 500ہیوی وہیکلز اور مشینری کے ملکیتی حقوق کی فراہمی کرواناہے۔ ان تمام وہیکلز و مشینری کی موجودہ مالیت کا تخمینہ چار سے پانچ ارب روپے لگایا جاتا ہے جو نیب لاہور حکام ہی کی انتھک کاوشوں کے سبب ممکن ہوسکا ہے۔ بریفنگ میں ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ عوام کو منافع کا لالچ دیتے ہوئے زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کرنے والے المعروف ڈبل شاہ کیس میں ملوث ملزمان سےتین ارب 49کروڑ روپے برآمد کروائے گئے جن میں سےدو ارب 40 کروڑ روپے کی خطیر رقم متاثرین کو واپس بھی لوٹائی جا چکی ہے جو نیب لاہور کی اہم کامیابی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے نیب لاہور کے اقدامات کو بھرپورسراہا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات بلا کسی دباؤ کے اٹھاتا رہے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے موجودہ انتظامیہ کے دور میں 487ارب روپے کرپٹ عناصر سے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ نیب کی ایک نمایاں کامیابی ہے۔ قومی و بین الاقوامی معتبر اداروں نے نیب کی شاندار کامیابی کی تعریف کی ہے۔