فنکاروں کی بڑی تعداد امداد نہ ملنے کی وجہ سے پریشان

       فنکاروں کی بڑی تعداد امداد نہ ملنے کی وجہ سے پریشان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کی بڑی تعداد امداد نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہے۔معروف کامیڈین غفار لہری،سینئر اداکار الیاس بٹ،ثمینہ بٹ،سعدیہ شیخ،سلمیٰ چوہدری،نثار بٹ،موسیقار فیاض علی خان،گلوکارہ بشریٰ صادق سمیت متعدد فنکار وں نے گزشتہ دوسالوں کے دوران مالی وظیفہ کیلئے آرٹس کونسل میں درخواستیں جمع کروائی تھیں لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی وہ لوگ دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں مگر ان کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوسکا۔کچھ عرصہ قبل چند فنکاروں کو مالی امداد کے چیک ملے تھے جس کے بعد یہ امید کی جارہی تھی کہ باقی فنکاروں کو بھی امدادی رقم کے چیک مل جائیں گے جس کے بعد ان کی عید کی خوشیاں دوبالا ہوجائیں گی مگر بد نصیبی نے ان کا پیچھا نہیں چھوڑا ہے۔یاد رہے کہ کامیڈین غفار لہری کے مالی حالات خراب ہونے کے باعث گھر کے کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان نے ان کو نکال باہر کیا۔اسی طرح بہت سارے فنکار کرونا اور کام نہ ملنے کی وجہ سے بہت برے حالات میں زندگی گذار رہے ہیں۔سینئر اداکارہ سعدیہ شیخ نان ٹکی کی ریڑھی لگا کر زندگی کا گذارا کررہی ہے  اس حوالے سے کئی فنکاروں نے گزشتہ دوسالوں کے دوران مالی وظیفہ کیلئے آرٹس کونسل میں درخواستیں جمع کروائی تھیں لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جس کے باعث ان اداکاروں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

مزید :

کلچر -