بچوں کی پیدائش: پی سی بی کی کھلاڑیوں کو تنخواہ کیساتھ چھٹی کی پالیسی جاری 

بچوں کی پیدائش: پی سی بی کی کھلاڑیوں کو تنخواہ کیساتھ چھٹی کی پالیسی جاری 

  

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی ہے۔ پیشہ ور کھلاڑیوں کے لئے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق خواتین اور مرد دونوں کرکٹرز پر ہوگا، جو بالترتیب حمل کے دوران اور بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔خواتین کرکٹرز چاہیں گی تو  اپنی زچگی کی چھٹی کے شروع ہونے سے لے کر بچے کی پیدائش تک وہ اپنے لئے  نان پلیئنگ رول اختیار کرسکیں گی۔زچگی کی چھٹی کے اختتام پر مذکورہ خواتین کرکٹر کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔ پوسٹ چائلڈ ری ہیب پروگرام کے سلسلے میں بھی انہیں مناسب طبی معاونت  فراہم کی جائے گی۔اسی طرح، اگر کسی خاتون کرکٹر کو کرکٹ کی کسی سرگرمی کے سلسلے میں سفر کرنا پڑتا ہے تو اسے اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لئے من پسند فرد کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام اخراجات  پی سی بی اور مذکورہ خاتون کرکٹر برابر تقسیم کریں گے۔وہ مرد کرکٹر جو کسی بچے کے والد بنتے ہیں تو وہ بھی مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن تک چھٹی لینے کے حقدار ہوں گے تاہم انہیں یہ چھٹی اپنے بچے کی پیدائش کے 56 روز کے اندر حاصل کرنی ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر اپنے کرکٹرز کا خیال رکھنا   پی سی بی کا فرض ہے۔

، لہذا مناسب ہے کہ ہمارے پاس اپنے کھلاڑیوں کے لئے والدین سے متعلق ایک دوستانہ پالیسی موجود ہو تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو زندگی کے اہم مرحلیمیں مکمل معاونت حاصل ہو اور اس دوران وہ اپنے کیریئر کے حوالے سے بے فکر رہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین کھلاڑیوں کے لئے اس پالیسی کا موجود ہونا اور بھی اہم تھا، خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ہماری خواتین کرکٹرز نے تو عالمی سطح پر ہمارے لئے بہت سے اعزاز حاصل کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ ہمارے پاس زچگی کی چھٹی کی پالیسی موجود ہے، امید ہے کہ ماضی کی نسبت خواتین زیادہ تعداد میں اس کھیل کی طرف راغب ہوں گی کیونکہ اس پالیسی کے اجرا سے انہیں اپنی زندگی میں توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -