کم آمدن والے افراد کو چھت دینے کا وعدہ پورا کرینگے،محمود الرشید
لاہو(پ ر)وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کم آمدن افراد کواپنی چھت فراہم کرنے کے وزیراعظم عمران خان کے وعدے کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔وزیراعظم کے ویژن کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ پتوکی، لودھراں اور اٹک میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد بہت جلد رکھا جا رہا ہے۔ محمودالرشید نے اس ضمن میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے جس کے تحت 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ان اپارٹمنٹس کے لیے درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ صوبے کی دیگر ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بھی اپنے زیرانتظام شہروں میں ایل ڈی اے اپارٹمنٹس کی طرز پر منصوبے شروع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
- میاں محمود الرشید نے کہا کہ ان اپارٹمنٹس کے الاٹی وفاقی حکومت کی طرف سے تین لاکھ روپے کی سبسڈی حاصل کرنے کے لئے علیحدہ سے درخواست دے سکتے ہیں - یہ اپارٹمنٹس مختصر مدت میں تعمیر کرکے الاٹیوں کے حوالے کردیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے الاٹیوں کو بنک آف پنجاب کی طرف سے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے متعدد ماڈلز زیر غور ہیں -