سابق حکومتوں نے تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی،چوہدری محمد اخلاق

  سابق حکومتوں نے تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی،چوہدری محمد اخلاق

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر خصوصی تعلیم چوہدری محمد اخلاق کی زیر صدارت محکمہ خصوصی تعلیم میں اعلی سطح اجلاس منعقد کیا گیا جس میں محکمہ امور، ترقیاتی منصوبوں، بجٹ، اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خصوصی تعلیم، محمد حسن اقبال، ڈی جی اسپیشل ایجوکیشن پرویز اقبال اور ایڈیشنل سیکرٹری آمنہ منیر نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی اسپیشل ایجوکیشن نے وزیراسپیشل ایجوکیشن کو خصوصی چلڈرن ولیج شرقپور اور دیگر امور پر کیے جانے والے کم کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر خصوصی تعلیم نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی طرف سے خصوصی تعلیم پر کبھی توجہ نہیں دی گئی۔ ہم خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے انقلابی اقدامات کررہے ہیں۔ خصوصی بچوں کے لئے اسپیشل چلڈرن ولیج شرقپور محکمہ خصوصی تعلیم کا ایک میگا پروجیکٹ ہے، اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ ہمارے دور حکومت میں مکمل ہو۔

وزیر موصوف نے سکریٹری کو ہدایت کی کہ خصوصی بچوں کے حاصل کی جانے والی بسوں کو مختلف رنگ اور ڈیزائن دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آگاہی کے لئے خصوصی بچوں کے اقدامات کی تشہیر کے لئے خصوصی بچوں کی بسوں پر مختلف پیغامات آویزاں کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پنجاب میں خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سکریٹری خصوصی تعلیم نے بتایا کہ خصوصی بچوں کے گاؤں شرقپور کا پی سی ون تقریبا مکمل ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ آنے والے بجٹ کے لئے اے ڈی پی اسکیموں کے لئے اپنا تمام کاغذی کام بھی مکمل کرلیا گیا  ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -