قانون کی بالادستی میں وکلاء کا اہم کردار ہے،سید یاورعباس بخاری

قانون کی بالادستی میں وکلاء کا اہم کردار ہے،سید یاورعباس بخاری

  

لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ وکلا عدل و انصاف کی علامت ہیں اور معاشرے میں قانون کی عمل داری میں کلیدی کر دار ادا کرتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار اٹک کو 30 لاکھ روپے  کا چیک دینے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی بالادستی کے لئے وکلا کا کردار نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ تقریب میں سابق ممبر پنجاب بار کونسل سید عظمت بخاری، ممبر پنجاب بار کونسل ملک اسرار احمد اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک خالد شاہ زیب، سینئر قانون دان رانا افسر علی خان، غزالہ صدیق اور دیگر وکلا بھی موجود تھے۔ یاور عباس بخاری نے کہا کہ اس قبل بھی ڈسٹر کٹ بار اٹک میں سیوریج سسٹم کی بحالی  کے لئے انہوں نے 20 لاکھ روپے دیے۔

 اور اس طرح کا تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا معاشرے میں عدل کے فروغ کے لئے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں اور پسے ہوئے طبقے تک انصاف کی فراہمی میں موثر کردار ادا کر تے ہیں۔ منتخب سیاسی قیادت، انتظامیہ اور بار کے ذریعے عوام میں قانون کی پاسداری اور اطاعت مثبت انداز میں لاگو کی جا سکتی ہے۔ وکلا رہنماؤں نے صوبائی وزیر سماجی بہبود یاور عباس بخاری کی طرف سے ڈسٹرکٹ بار اٹک کے لئے کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -