سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس 487.39پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر سستا، سونا مہنگا 

  سٹاک مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس 487.39پوائنٹس بڑھ گیا، ڈالر سستا، سونا مہنگا 

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پانچ روز سے جاری مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور منگل کو سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی پرکشش قیمتوں کو دیکھتے ہوئے خریداری کی گئی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 487.39 پوائنٹس کے اضافے سے44563.59پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ 65.22فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 35ارب9کروڑ9لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم پیر کی نسبت7.10فی صدکم رہا۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور ایک ماہ بعد کرونا کیسز کی شرح میں کمی ریکارڈ ہونے کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل مندی کے باعث سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کی جس کے باعث تیزی رہی اورکے ایس ای100انڈیکس44620.41پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیابعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب 44600کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 487.39پوائنٹس کے اضافے سے44563.59پوائنٹس سطح پربند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس233.07پوائنٹس کی کمی سے18260.34پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس136.48پوائنٹس کی کمی سے 30072.12پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔گزشتہ روز مجموعی طورپر371کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 242کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 110میں کمی اور19میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت76کھرب97ارب56کروڑ74لاکھ روپے سے بڑھ کر77کھرب32ارب65کروڑ83لاکھ روپے ہوگئی۔گزشتہ رو نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے رفحان میظ69.97روپے کے اضافے سے9525روپے اوروائتھ پاک 34.65روپے کے اضافے سے 1055.90روپے ہوگئی جب کہ نیسلے پاکستان115روپے کی کمی سے5610روپے اورپاک ٹوبیکو89.99روپے کی کمی سے1300روپے ہوگئی۔انٹر بینک میں منگل کوپاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدرمیں 15پیسے کی کمی ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید15پیسے کی کمی سے153.35روپے سے گھٹ کر153.20روپے اور قیمت فروخت153.45روپے سے گھٹ کر153.30 رہی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید153.50روپے برقرار رہی اور قیمت فروخت 153.80روپے سے بڑھ کر153.90روپے ہو گئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید184روپے سے گھٹ کر183.50روپے اور قیمت فروخت186روپے سے گھٹ کر185.50روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پونڈکی قیمت خرید211.50روپے سے بڑھ کر211.75روپے اور قیمت فروخت 213.50روپے سے بڑھ کر213.75روپے ہوگئی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 100روپے کے اضافے سے ایک لاکھ4ہزار 100روپے ہوگئی۔صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت11ڈالر کے اضافے سے1781ڈالر ہوگئی جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 100روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 4100روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 86روپے کے اضافے سے89ہزار249روپے ہوگئی جب کہ چاندی فی تولہ قیمت 1360روپے مستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -