سی پیک قومی ترقی کا منصوبہ،دنیا کی کوئی طاقت اسے ختم نہیں کر سکتی: عاصم سلیم باجوہ 

  سی پیک قومی ترقی کا منصوبہ،دنیا کی کوئی طاقت اسے ختم نہیں کر سکتی: عاصم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہسی پیک قومی ترقی کا منصوبہ ہے اور کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی،  2 سال قبل گوادر فری زون فیز 60 ایکٹر پر شروع کیا تھا اور اس وقت وہاں آبادی ہے، 12 میں سے 6 فیکٹریوں کی تعمیرات مکمل ہوچکی ہیں، وہاں ایک فیکٹری نے پروڈکشن شروع کردی ہے،عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ فیز 2 کا آغاز ہونے والا ہے جو 22 سو ایکٹر پر محیط ہے،مغربی روٹس کی تکمیل سے ملحقہ علاقوں اور قصبوں کے نوجوانوں کو نوکری میسر ہوگی۔ منگل کو عاصم باجوہ نے کراچی میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت سڑکوں کا جال بچھانے کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے، صرف سکھر سے کراچی روٹ کیلئے ابھی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام جاری ہے اور جلد اس کا افتتاح ہو جائے گا، جس کے بعد پشاور سے کراچی کا سفر میں وقت کم سے کم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح مغربی روٹ پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے اور ڈی آئی خان سے ژوب روڈ کا منصوبہ چین کے پاس لے کر گئے ہیں، جس کی منظوری ہو چکی ہے، ژوب سے کوئٹہ سڑکوں پر پہلے سے کام جاری ہے، کوئٹہ سے خضدار میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے وزیراعظم نے اعلان کیا ہے اور یہ پروجیکٹ پاکستان کے پی ایس ڈی پی کا پروگرام ہے، آواران سے ہوشاب کا روٹ شروع ہو چکا ہے، خضدار سے بسیمہ تک جو گوادر سے جا ملتا ہے،اس پر بھی کام ہوا ہے، اگلے ڈھائی سے تین سالوں میں مکمل ہو جائے گا۔ چیئرمین سی پیک نے کہا کہ مغربی روٹس پر آنے والے علاقوں میں غربت زیادہ ہے، بے روزگاری ہے اور انڈسٹریز نہ ہونے کے برابر ہیں، سی پیک کے روٹس بحال ہونے سے یہاں پر لوگوں کو روزگار ملے گا اور علاقوں میں خوشحالی آئے گی۔ 
عاصم سلیم باجوہ 

مزید :

صفحہ اول -