سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کا ذاتی نمود و نمائش پر بے دریغ استعمال کیا: عثما ن بزدار

سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کا ذاتی نمود و نمائش پر بے دریغ استعمال کیا: عثما ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے اڑھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے - ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں - سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کوذاتی نمودو نمائش پر بے دریغ استعمال کیا - سابق دور میں عوام پستے رہے اور سابق حکمران سرکاری پیسے کو مال مفت سمجھ کر خرچ کرتے رہے- وزیراعلی نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام سے راہ فرار اختیار کرنا دھاندلی میں ملوث ٹولے کے اندر کے خوف کو ظاہر کرتا ہے -سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے مخالف ہیں - انہیں علم ہے کہ عام انتخابات شفا ف ہوئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی- دھاندلی کرنا ان لوگوں کا وطیرہ رہا ہے -الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے الیکشن کے نظام میں شفافیت آئے گی اور نتائج پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا-وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اداروں میں اصلاحات لانے کا نظام جاری رہے گا- وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادردریشک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ جمشید اقبال چیمہ، اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، حاجی امتیاز احمد، اراکین پنجاب اسمبلی شہاب الدین خان، عادل پرویز، عبدالرحمن خان، ملک اسد کھوکھر، طارق تارڑ، رائے حسن نواز اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھے-  سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی محمد غیاث الدین نے ملاقات کی- محمد غیاث الدین نے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلتا ہوں۔منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے-انہوں نے کہاکہ مسترد شدہ عناصر کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان اپنی سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی لوٹ مار کا حساب دیں اوران عناصر نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے۔سردار عثمان بزدارنے مظفر گڑھ میں 2بچیوں کو ونی کئے جانے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کاحکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کو ونی کرنے کے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے-دریں اثناء پولیس نے ونی کی جانے والی بچیاں بازیاب کرا لی ہیں۔واقعہ کا مقدمہ درج کر کے دوملزمان کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -