صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہر سیکٹر میں کوٹہ نظام لا رہے ہیں: کامران بنگش

    صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے ہر سیکٹر میں کوٹہ نظام لا رہے ہیں: کامران ...

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر) عالمی یوم صحافت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ آزاد صحافت اور صحافیوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر سیکٹر میں کوٹہ نظام لا رہے ہیں۔ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے اٹھائے قابل ذکر اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایات پر قبائلی اضلاع میں ہر پریس کلب کے لیے 02 ملین روپے کی گرانٹ دے رہے ہیں جن میں کئی پریس کلبوں نے گرانٹ وصول بھی کر لی ہے جبکہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز میں صحافیوں کے لیے کوٹہ رکھا گیا ہے تاکہ دیگر مکتبہ فکر کے ساتھ ساتھ صحافی برادری بھی کسی سے پیچھے نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی سطح پر شعبہ صحافت میں پروفیشنل صحافیوں کا کوٹہ برقرار رکھا گیا ہے۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد صحافت کے فروغ کے لیے معلومات تک رسائی کے قانون کو مضبوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا خیبرپختونخوا کے صحافیوں نے ہمیشہ آزادی صحافت کو تقویت دی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحافیوں کے تمام مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیک نیوز روکنا اور آزادانہ صحافت کی ترویج وقت کی ضرورت ہے، کانفلیکٹ، وبائی صورتحال یا عام صورتحال ہو صحافیوں کی کارکردگی بہترین ہے۔

مزید :

صفحہ اول -