کراچی،3بین الصوبائی اغوا کار ہلاک،2مغوی بازیاب

  کراچی،3بین الصوبائی اغوا کار ہلاک،2مغوی بازیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل(اے وی سی سی)اور سی پی ایل سی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران3بین الصوبائی اغوا کار ہلاک ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی اور سی پی ایل سی نے منگھوپیر کراچی، لاڑو گوٹھ میں ایک مشترکہ کارروائی کی، مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک ہو گئے جب کہ 2 مغویوں کو بازیاب کر لیا گیا۔اے وی سی سی کے ایس ایس پی عبداللہ احمد نے بتایا کہ منگھوپیر میں مقابلے کے بعد تین اغوا کار مارے گئے ہیں، جن کا تعلق بین الصوبائی اغوا برائے تاوان گروہ سے تھا، ہلاک ملزمان کی شناخت علی گوہر، نوکاف اور شفیع اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ایس ایس پی نے بتایاکہ اس کارروائی کے دوران دو مغوی بھی بازیاب کرا لیے گئے ہیں،انہوں نے کہاکہ بازیاب ہونے والوں میں محسن مری اور ذوالفقار وسان شامل ہیں،جن کو سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے 23 اپریل کو اغوا کیا گیا تھااور اغوا کاروں نے مغویوں کی رہائی کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ایس ایس پی عبداللہ احمد کے مطابق اغوا کے اس واقعے کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج ہے، ہلاک اغوا کاروں نے 2020 میں بھی عبدالجبار نامی شخص کو اغوا کر کے تاوان لیا تھا، جس کا مقدمہ سرجانی تھانے میں درج ہے، اس وقت ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔