قرآن مجید پر عمل کرکے دینی انقلاب برپا کیاجائے،حافظ سلفی

  قرآن مجید پر عمل کرکے دینی انقلاب برپا کیاجائے،حافظ سلفی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان مولانا حافظ عبد الرحمٰن سلفی کی ہدایت و امارت کے تحت مرکزی جامع مسجد محمدی  برنس روڈ پر افطار ڈنر اور کراچی بھر سے آئے ہوئے علماء کرام، خطباء اور ناظمین کے اہم ماہانہ اجلاس سے مولانا حافظ پروفیسر محمد سلفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف اس ماہ مبارک میں قرآن کی تلاوت، نوافل، عبادات اور ذکر واذکار کو اپنی زندگی کا معمول  بنایا جائے اور قرآن مجید کو پورے سال پڑھا جائے۔ سمجھا جائے اور اس کی ہر ہر آیت پر عمل کرکے اپنی زندگی میں دینی انقلاب برپا کیا جائے۔ اس لئے کہ خاندانی نسبتیں اور خاندانی جاہ و جلال وقتی ہوا کرتا ہے یہ انسان کو فلاح کا راستہ نہیں دکھاتا بلکہ قرآن و حدیث کی سمجھ بوجھ اور روشنی ہی خواتین و حضرات کو کامیابی کی دہلیز پر لے جایا کرتی ہے مولانا سلفی نے کہا کہ قرآن مجید کا یہ بہت بڑا عزازہے کہ اسے جس گھر میں پڑھا جاتا ہے اس گھر کو اللہ کے مقرب فرشتے ڈھانپ لیتے ہیں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نوری مخلوق ملائکہ رب تعالیٰ کی اجازت سے زمین پر اترتے ہیں اور خوش الحانی  اور لحنِ داؤدی باتجوید پڑھنے والے قاری کی تلاوت اس کی رہائش گاہ پر آکر سنتے ہیں اور پھر روشنیوں کے چمکتے ہوئے فانوس بن کر آسمان پر چلے جایا کرتے ہیں۔ دریں اثناء اس موقع پر مفتی حافظ محمد انس مدنی نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ مرکزی جماعت غرباء اہلحدیث کراچی محمدی مسجد برنس روڈ میں اور جماعت کے زیر انتظام چلنے والی تمام مساجد میں ماہ صیام کے آخری عشرہ میں علامہ عبد الخالق فریدی، مولانا مفتی عبد الوکیل ناصر، مولانا مفتی عبد الغفار سامی، مفتی جاسم سلفی، مولانا حافظ محمد نعیم راشد، مولانا مدثر فیصل آبادی، مولانا حمزہ عبد اللہ، مولانا جواد مدنی، مولانا قاری محمد ابراہیم جونا گڑھی، مولانا مفتی صہیب شاہد، مولانا حافظ خبیب شاہد و دیگر علماء کرام قرآن و حدیث کی روشنی میں کراچی بھر میں مختلف مساجد میں دروس سے خطاب کریں گے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -