لاہور پولیس کی بڑی کارروائی ، ٹاپ ٹین میں سرفہرست گوگی بٹ ساتھیوں سمیت گرفتار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹاپ ٹین لسٹ میں سرفہرست معروف قبضہ مافیا اور دہشت کی علامت سمجھے جانے والے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو ناجائز اسلحہ کے الزام میں اٹھارہ ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے ناجائز اسلحہ کے الزام میں خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو گرفتار کر لیا ہے،گوگی بٹ کو ہنجروال میں نجی سوسائٹی میں گھر سے پانچ ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ،گرفتاری کے بعد تمام ملزمان کو سی آئی اے اقبال ٹاؤن اچھرہ کی حوالات میں بند کر دیا گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کو اس کے بیٹے سمیت گرفتار کیا ہے جبکہ خواجہ راحیل کے دو بیٹے بھی گرفتار ہونے والوں میں شامل ہیں ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گوگی بٹ کے گھر سے صدر اچھرہ بازار شیخ اشفاق بھی گرفتار ہوئے جبکہ صدر وحدت روڈ بھی گوگی بٹ کے گھر میں موجود تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق صدر اچھرہ بازار شیخ اشفاق سے اچھرہ میں ہونے والے قتل کےحوالے سے تفتیش کی جارہی ہے ۔پولیس نے گوگی بٹ کی گرفتاری کے موقع پر گھر سے سات جدید رائفلیں اور ایک پستول بھی برآمد کیا ہے ۔سی آئی پولیس اقبال ٹاون کی گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ لاہور کی تاجر برادری میں معروف ہیں جبکہ ان پر کئی مقدمات بھی درج ہیں ،گوگی بٹ ماضی میں مسلم لیگ ن میں شامل رہے تاہم 2018ء میں وہ اپنے ساتھیوں سمیت ن لیگ چھوڑ کر عمران خان کی موجودگی میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا ۔
یاد رہے کہ پولیس نے دو روز قبل قبضہ مافیا اور بدمعاش گروپوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے نصیر آبادمیں طیفی بٹ،کینال ویو میں گوگی بٹ کی رہائش گاہوں اور شاہ عالم میں بالاج ٹرکاں والے کے ڈیرے پر چھاپہ مارا تھا تاہم اس وقت ٹاپ ٹین لسٹ میں شامل گوگی بٹ،طیفی بٹ اور امیر بالاج ٹیپو ٹرکاں والا قابو نہیں آئے تھےتاہم پولیس نےان چھاپہ مار کارروائیوں میں 30 افراد کو گرفتار کر لیا تھا ،اس موقع پر پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا تھا ۔
یہ بھی یاد رہے کہ لاہور میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے ٹاپ ٹین اجرتی قاتلوں اور قبضہ مافیا میں شامل طیفی بٹ ،گوگی بٹ اور امیر بالاج ٹیپو ٹرکاں والے کا نام سرفہرست ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے رواں سال فروری کے مہینے میں گوگی بٹ اور طیفی بٹ کی جانب سے اندرون شہر بنگلہ ایوب شاہ سے ملحقہ دو کنال سرکاری زمین پر قبضہ کر کے بنایا گیا تین منزلہ پلازہ بھی مسمار کردیا تھا اور سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے کے جرم میں تھانہ مستی گیٹ میں گوگی بٹ اور طیفی بٹ کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا ۔