پی پی 84میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ، عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے آئیں ، الیکشن کمشنر پنجاب
خوشاب( ڈیلی پاکستان آن لائن )الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار نے پی پی 84خوشاب کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ، عوام بلاخوف و خطر ووٹ ڈالنے آئیں ۔
نجی ٹی وی سماء نیوز کے مطابق الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ عوام کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے ووٹنگ کیلئے آئیں ، پولنگ عملہ بھی ا پنے فرائض ذمہ داری سے انجام دے ۔
پی پی 84کی نشست مسلم لیگ ن کے رکن ملک وارث کلو کے انتقال سے خالی ہوئی ہے ،حلقے میں 229 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 13کو انتہائی حساس جبکہ 43کو حساس قرار دیاگیا ہے ۔
پی پی 84 میں رجسٹر ووٹروں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 92ہزار687ہے جن میں ایک لاکھ 55ہزار104مرد اور ایک لاکھ 37ہزار583خواتین ووٹرز ہیں ، ادھر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کیلئے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں ۔حلقے میں سکیورٹی پر پولیس کے علاوہ رینجرز بھی تعینات کی گئی ہے ۔