انتخابی اصلاحات کے مخالفین دھاندلی کے مددگار بن رہے ہیں، گورنر پنجاب چوہدری سرور
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے مخالفین دھاندلی کے مددگار بن رہے ہیں۔
نجی ٹی وی 92نیوز کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی نے ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں کے دوران انتخابی اصلاحات کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے میں اپوزیشن کوحکومت کے ساتھ بیٹھنا چاہیے،شفاف انتخابات سے ملک میں جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہوگی۔اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ حکومت کا تاریخی اقدام ہے،اپوزیشن کو ضد اور اناپرستی پر مبنی سیاست کا رویہ ترک کردینا چاہئے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم ایسے شفاف انتخابات چاہتے ہیں جن پرکوئی انگلی نہ اٹھا سکے،ای پولنگ سے انتخابی نتائج چند منٹوں میں سب کے سامنے ہوںگے۔