سنگل ڈوز ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار ڈوز پاکستان پہنچ گئیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چین سے سنگل ڈوز ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار ڈوز پاکستان پہنچ گئیں ہیں جنہیں این آئی ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائے کے مطابق کوروناویکسین چینی ایئرلائن کے ذریعے پاکستان لائی گئی ہے جسے این آئی ایچ کی ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ پروصول کیا ۔ ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ چین سے آنے والی کورونا ویکسین کین سائینو کمپنی کی تیارکردہ ہے،جس کی فارمولیشن، پیکنگ این آئی ایچ میں ہو گی ۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے ویکسین کی فراہمی میں تیزی لانے کے لئے حکومت پاکستان اور وزارت صحت نے تین بوئنگ 777 پی آئی اے ہوائی جہاز چین بھیجے تھے، پی آئی اے کے طیاروں کے ذریعے 10 لاکھ کوویڈ 19 ویکیسن کی ڈوزز پاکستان لائی گئیں۔