وزیراعظم بیرون ملک قائم سفارتخانوں کی کارکردگی سے ناخوش،کھری کھری سنادیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک قائم پاکستانی سفارتخانوں کی کارکردگی سے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔
دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفراءسے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم شہریوں کیساتھ ناروا رویہ کسی صورت برداشت نہیں ہے، سفارتخانوں کا پہلا کام اپنے ملک کے شہریوں کے حقوق کا خیال اور ان کو سہولت فراہم کرنا ہوتا ہے۔ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی ترسیلات زر کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے سے محفوظ رہا۔
وزیراعظم نے بیرون ملک قائم تمام سفارتخاتوں کو ہدایات جاری کیں کہ پاکستانی قیدیوں کی مدد کے لیے وکیل اور قانونی چارہ جوئی کا انتظام کریں۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانوں کی شکایات زیادہ ہیں، ان دونوں ملکوں سے ہی ملک میں سب سے زیادہ ترسیلات زر آتی ہیں۔ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے سفارتخانوں میں کوئی نظام نہیں ہے۔ کویت میں قائم سفارتخانے میں نادرا کے عملے کی طرف سے رشوت لینے کی شکایات ہیں۔ سیٹزن پورٹل پر رشوت ستانی کی شکایت پر سفیر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ پاکستانی سفارتخانوں کی طرف سے شکایات کے ازالے کے بجائے روایتی جواب دیا جاتا ہے۔یہ رویہ کسی بھی طرح سے قابل قبول نہیں ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سیٹزن پورٹل کو سفارتخانوں سے لنک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک خصوصی آفیسر تعنیات کیا جائے جو صرف شکایات کی نگرانی کرے۔