چین نے ماؤنٹ ایورسٹ پر ایسا کام کردیا کہ دنیا حیران پریشان رہ گئی
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین نے دنیا کے سب سے بلند پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ پر دنیا کا سب سے اونچا موسمیات کا سنٹر قائم کرلیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق چینی کوہ پیماؤں اور سائنسدانوں کی ٹیم نے ماؤنٹ ایورسٹ پر سمندر کی سطح سے 8830 میٹر بلندی پر موسمیات سنٹر قائم کیا ہے۔ یہ خود کار طریقے سے چلنے والا ایک سٹیشن ہے جس کو کامیابی کے ساتھ ٹیسٹ بھی کرلیا گیا ہے۔ یہ سٹیشن دو سال کے عرصے تک سخت ترین موسم میں بھی کام کرتا رہے گا، اسے توانائی سولر پینلز کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ یہاں سے ہر 12 منٹ کے بعد ڈیٹا بھیجا جائے گا۔
چینی میڈیا کے مطابق اس نئے سٹیشن نے برطانیہ اور امریکی سائنسدانوں کی طرف سے قائم کیا گیا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ امریکی اور برطانوی سائنسدانوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کے جنوب کی طرف 8430 میٹر کی بلندی پر موسمیات سنٹر قائم کیا تھا۔ اس سے قبل بھی چین ماؤنٹ ایورسٹ کے شمال کی طرف تین سٹیشن قائم کرچکا ہے جو کہ 7028 میٹر، 7790 میٹر اور 8300 میٹر کی بلندی پر قائم کیے گئے ہیں۔