ایران نے یورینیم افزودگی میں 20 فیصد کمی کر دی

ایران نے یورینیم افزودگی میں 20 فیصد کمی کر دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی(اے پی اے ) ایران نے عالمی اقتصادی پابندیوں کے منفی اثرات کے نتیجے میں یورینیم افزودگی کی مقدار میں بیس فیصد کمی کر دی ہے۔ تہران نے یہ اقدام سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک اور ایک غیر مستقل رکن ملک کے ساتھ جوہری پروگرام بارے مذاکرات کو موثر بنانے اور اقتصادی پابندیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔ غیر ملکی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ایسنا' کی رپورٹ کے مطابق یورینیم افزودگی میں کمی کا انکشاف پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی برائے سیاسی و خارجہ امور کے رکن محمد حسن اصفری نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔ اصفری نے تسلیم کیا کہ جوہری پروگرام کے تسلسل کے باعث تہران پر عائد عالمی پابندیوں کے گہرے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کے بعد حکومت نے یورینیم افزودگی کا عمل کم کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورینیم افزودگی میں کمی کا مقصد ایران پر عائد بین الاقوامی اقتصادی پابندیوں کو اٹھانے کی راہ ہموار کرنا اور گروپ چھ کے ساتھ امن بات چیت کو آگے بڑھانا ہے۔ حسن اصفری نے کہا کہ ہمیں ایسے دکھائی دیتا ہے کہ گروپ چھ کے ساتھ تہران کی بات چیت کی حکمت عملی زیادہ موثر ثابت نہیں ہوئی ہے کیونکہ ان مذاکرات کے مستقبل قریب میں مثبت اثرات ظاہر ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔ چنانچہ ان مذاکرات کو موثر بنانے کے لیے ایران نے جذبہ خیر سگالی کے تحت یورینیم کی افزودگی کی مقدارمیں کمی کی ہے تاکہ مذاکرات نہ صرف جاری رہیں بلکہ ایران پر عائد مالیاتی پابندیاں بھی کم کی جا سکیں۔ ایرانی عہدیدار نے عالمی طاقتوں سے جوہری تنازع کی بات چیت میں ناکامی پر امریکا اور اسرائیل کو مورد الزام ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے مذاکرات کے سابقہ ادوار میں کچھ تجاویز پیش کی تھیں، جنہیں امریکا اور اسرائیل کے دباو¿ پر مسترد کیا گیا۔

مزید :

عالمی منظر -