منظور وٹو کا داغدار ماضی ان کے حال کا بھی آئینہ دار ہے، رانا ثناءاللہ
لاہور (پ ر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ بیت المال اور بیواﺅں کے پیسے کھانے والے منظور وٹو عوام کو دھوکہ دینے کے لئے ایک بار پھر میدان میں نکل آئے ہیں لیکن منظور وٹو کا داغدار ماضی ان کے حال کا بھی آئینہ دار ہے اور عوام کو ابھی تک بیت المال فرٹیلائزر اور بیواﺅں کے فنڈز خورد برد کرنے کے سکینڈل اچھی طرح یاد ہیں۔ اپنے ایک بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ قومی خزانے سے اربوں روپے ہڑپ کرنے والوں کے منہ سے آئین اور قانون کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، خصوصاً منظور وٹو کے منہ سے جن کی ساری سیاسی زندگی لوٹ مار کرپشن دھوکہ دہی اور محسن کشی سے عبارت ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ منظور وٹو کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنائے جانے کی واحد وجہ دھوکہ دہی اور فراڈ میں ان کی بے مثال مہارت ہے اور اسی لئے مہا کرپٹ زرداری نے منظور وٹو کو پیپلز پارٹی کے دیرینہ اور نظریاتی کارکنوں پر ترجیح دے کر یہ عہدہ سونپا ہے۔