اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے: خالد چوہدری

اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے: خالد چوہدری

اسلام آباد (کامر س ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان بھر کے لئے قانون سازی کی جاتی ہے لیکن خود یہ شہر بے شمار قوانین سے محروم ہے جس کی وجہ سے عوام الناس اور تاجر گو نا گوں مسائل کا شکار ہیں اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے حکومت فوری طور پر آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرے یہ مطالبہ اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر خالد چوہدری نے چیمبر ہاو¿س میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔    انہوںنے کہا کہ موجودہ قانون مکمل طور پر یکطرفہ اور مالکان جائیداد کے حق میں ہے جس کی وجہ سے اکثر اوقات کرایہ داروں اور مالکان کے مابین جھگڑے ہوتے رہتے ہیں جس بنا پر امن و امان کے مسائل پیدا ہوتے رہتے ہیں اور کرایہ تاجر برادری بھی یک سوئی سے اپنے کاروبار پر توجہ دینے سے قاصر رہتی ہے۔ خالد چوہدری نے مذید کہا کہ سابقہ پیپلز پارٹی کے دور میں انتظامیہ ، کرایہ داران ،چیمبر اور مالکان کی مرضی سے ایک متفقہ ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا جس کے لئے اس وقت کے وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کاوش کی تھی لیکن ان کے منصب سے ہٹنے کے بعد اس بل کو فراموش کر دیا گیا اور اسمبلی سے پاس نہ کرایا جا سکا اور معاملات لٹک گئے انہوںنے مذید کہا کہ گزشتہ الیکشن میں تمام پارٹیوں کے امیدواروں نے قانون کرایہ داری کو اپنے منشور میں شامل کیا تھا لیکن دونوں اراکین اسمبلی نے اس معاملہ پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے انہوںنے اپیل کی کہ فوری طور پر قانون کرایہ داری کا بل اسمبلی میں پیش کر کے پاس کرایا جائے ۔

اور موجودہ عدالتوں میں چلنے والے بے دخلی کے تمام معاملات مو¿خر کئے جائیں۔

مزید : کامرس