شہریوں نے5ڈاکو پکڑ کررینجرزکے حوالے کردیئے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )بلدیہ ٹاﺅن میں شہریوں نے ڈاکوﺅں کا گروپ پکڑ لیا،تشدد کے بعد5ڈاکوﺅں کو رینجرز کے حوالے کردیا جبکہ5ملزمان فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے۔علاقہ مکینوں کے مطابق پکڑے جانے والا ڈاکوﺅں کا گروہ گزشتہ کئی ماہ سے علاقے میں ڈکیتی کی واراتیں کر رہا تھا، جس کے باعث انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت علاقے میں چوکیداری کر نا شروع کر دی ، جیسے ہی ملزمان ڈکیتی کے لئے علاقے میں داخل ہو ئے توعلاقہ مکینوں نے ملزمان کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔رینجرز اہلکاروں کے آنے کے بعد پکڑے گئے 5 ملزمان کو رینجرز کے حوالے کر دیا جبکہ ملزمان کے دیگر 5 ساتھی فرار ہو گئے ، ملزمان جس ٹرک میں آئے تھے اسے بھی علاقہ مکینوں نے توڑ پھوڑ دیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ملزمان کا گروہ گھروں میں بجلی درست کر نے کے بہانے سیڑھی لگاکر گھروں میں داخل ہو تے اور گھر میں لوٹ مار کے ساتھ خواتین سے زیادتی بھی کیاکر تے تھے۔ دوسری جانب رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے 5 مبینہ ڈاکوﺅں کو رینجرز کے حوالے کئے گئے، جن کے قبضے سے کے الیکٹرک کے سروس کارڈز برآمد ہو ئے جن کے مطابق ایک سپروائزر،ایک ڈرائیوراور3 لائن مین شامل ہیںجبکہ ملزمان کے قبضہ سے کسی قسم کا اسلحہ برآمد نہیں ہواہے، ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔