اوور بلنگ کیخلاف شہریوں کا مظاہرہ،ٹائر نذر آتش کیے
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک ) پشاور کے علاقے نوتہیہ میں سنہری مسجد روڈ پر بجلی کی اووربلنگ کے خلاف سڑک بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرے کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی دور تک قطاریں لگ گئیں۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کئے اور انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین کا کہناتھا کہ اضافی بلز بھیجنے کا سلسلہ تاحال بند نہیں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیرعارف یوسف اور پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کئے۔اس موقع پر عارف یوسف کا کہناتھاکہ ایس ڈی او خالد دفتر میں نہیں ہیں تاہم انہوں نے ٹیلی فون پریقین دہانی کرائی ہے کہ جن کی بجلی کاٹ دی ہے وہ بحال کریں گے۔مذاکرات کے بعد مظاہرہ ختم اور سنہری مسجد روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ادھر ترجمان پیسکو نے ایک بیان میں کہا کہ نئے میٹروں کی تنصیب جلد کی جائے گی، میٹرتوڑنے اور کنڈے لگانے پر مکینوں کےخلاف مقدمات درج کیے گئے، علاقے میں یوایس ایڈ کے تعاون سے میٹروں کی تنصیب ہوئی تھی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بلال کالونی کے مکینوں نے واجب الادا رقوم ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اس لیے ان کے بجلی کنکشن بحال کیے جارہے ہیں۔