بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون 100کروڑ کلب کی ملکہ بن گئیں
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )با لی وڈ حسینہ دپیکا پڈوکون اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں اور ان کی لگ بھگ ہر فلم ہی 100 کروڑ کلب کا حصہ بن رہی ہے جس میں نیا اضافہ ہیپی نیو ایئر کی شکل میں ہوا ہے،ان کی آخری تین فلمیں’ یہ جوانی ہے دیوانی، چنائی ایکسپریس اور رام لیلا‘نے 100 کروڑ کلب میں جگہ بنائی تھی اور شاہ رخ کے ساتھ نئی فلم نے بھی یہ سنگ میل طے کرکے انہیں 100 کروڑکلب کی ملکہ بنا دیا ہے، دپیکا نے اپنا کریئر فرح خان کی فلم ’اوم شانتی اوم‘ میں بولی وڈ کنگ خان کے مدمقابل شروع کیا تھا جسکی کامیابی نے انکے پرستاروں کی تعداد بڑھائی اور ناقدین کو گرویدہ بنالیا۔بالی وڈ میں کامیاب ڈیبیو کے بعد اداکار نے’ بچنا اے حسینو اور لو آج کل‘جیسی ہٹ فلمیں دیں تاہم اسکے بعد دپیکا کا کیریئر مختلف فلموں کی ناکامی سے زوال پذیر نظر آنے لگا۔ فلم’ کاک ٹیل‘دپیکا کے کیریئر میں ٹرننگ پوائنٹ کی شکل میں ابھر کر سامنے آئی جس میں ان کی بے باک اداکاری کو بہت زیادہ سراہا گیا۔گزشتہ برس ان کی پہلی فلم’ ریس ٹو‘ تھی جس میں وہ سیف علی خان کےساتھ نظر آئیں جو اگرچہ ناقدین کو تو کچھ زیادہ نہیں بھائی لیکن 2013 ءمیں پہلی سو کروڑ کمانےوالی فلم بنی۔اس کے بعد ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ میں دپیکا ،رنبیر کی جوڑی باکس آفس پرخوب جمی، اس رومانوی فلم نے تین سو کروڑ کے قریب بزنس کیا۔ شاہ رخ خان اور دپیکا کی’ چنائی ایکسپریس‘نے 373 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، دپیکا کو چنائی ایکسپریس پر انکے کردار کیلئے تین ایوارڈز دیئے گئے۔انکی سال کی آخری فلم ’رام لیلا‘ تھی جس میں اداکار رنویر سنگھ کےساتھ دپیکا کی جوڑی نے شائقین کو دیوانہ کر دیا، فلم نے 200 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، فلم’ رام لیلا‘کو ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے ڈائریکٹ کیا۔رواں برس دپیکا نے ایک بار پھر شاہ رخ کےساتھ تیسری مرتبہ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں کام کیا جس نے صرف تین دن میں ہی سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر کے ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔