پاکستان کا امریکی وزارت دفاع کے الزامات پر شدید احتجاج
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکی وزارت دفاع کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کے جواب میں مشیر برائے قومی سلامتی امور اور خارجہ امور سرتاج عزیز نے شدید احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے پاکستان میں مقیم امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت دفاع کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی جس پر احتجاج کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔سرتاج عزیز کا کہنا تھاکہ پاکستانی فوج آپریشن ضرب عضب کے ذریعے بلا تفریق دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہی ہے۔اس رپورٹ میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے متعلق امریکی الزامات بے بنیاد ہیںاور پاکستان ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جب آپریشن ضرب عضب شروع ہوا تو امریکہ سمیت ساری دنیا نے اس کا خیر مقدم کیا لیکن اس وقت امریکہ کی جانب سے الزامات باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی کی لیکن امریکہ نے اس رپورٹ کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے۔