وہ باتیں جو شادی کو کامیاب بنانے کےلئے انتہائی ضروری ہیں
برمنگھم (نیوز ڈیسک) شادی کے بعد میاں بیوی نے ساری زندگی اکٹھے گزارنا ہوتی ہے اور اکثر جوڑے ان اہم باتوں کو نظر انداز کربیٹھتے ہیں جو کامیاب اور تاعمر رشتے کیلئے ازحد ضروری ہیں۔
اگر آپ شادی شدہ ہیں یا آپ کی شادی ہونے والی ہے تو مندرجہ ذیل باتوں کو اچھی طرح ذہن نشین کرلیں۔
-1 ابلاغ:
ابلاغ کا مطلب ہے اپنی بات کو دوسرے تک پہنچانا اور یہ بات کامیاب ازدواجی تعلق کی بنیاد ہے۔ ہم میں سے اکثر روز کے جھمیلوں میں پڑکر آپس میں گفتگو کو بھول جاتے ہیں۔ گھریلو مسائل ہوں یا خرچے کے معاملات اور بچوں کی تعلیم کا مسئلہ ہو یا کہیں آنے جانے کی بات، ہر معاملے پر بیٹھ کر آپس میں گفتگو ضرور کریں اور اپنا موقف واضح طور پر شریک حیات تک پہنچائیں۔
-2 عزت:
شادی کے رشتے میں باہمی عزت کی بہت اہمیت ہے، سب مردوں کی خواہش ہوتی ہے کہ بیوی ان کی بہت عزت کرے لیکن اکثر وہ یہ بات بھول جاتے ہیں کہ ان کیلئے بھی بیوی کی عزت کرنا ضروری ہے۔ یاد رکھیں کہ آپ شریک حیات کوعزت دے کر ہی عزت اور محبت حاصل کرسکتے ہیں۔
-3 مصلحت:
یہ ضروری نہیں کہ ہر وقت آپ کی بات مانی جائے، بعض اوقات معاملات کو سلجھانے کیلئے درمیانی راستہ نکالنا پڑتا ہے اور بعض معاملات میں آپ کو اپنا موقف چھوڑ کر شریک حیات کی بات ضرور ماننی چاہیے۔
-4 ایمانداری:
آپ جو بھی کمائیں یا اخراجات کریں انہیں شریک حیات سے خفیہ نہ رکھیں، اس سے بداعتمادی پیدا ہوگی۔
-5 سسرال سے تعلقات:
سسرال کو عزت دینا اور ساس سسر کو اپنے والدین کی طرح سمجھنا شریک حیات کو خوش رکھنے کی کنجی ہے، اس کا خاص خیال رکھیں۔
-6 رومانس:
شادی کے بعد اکثر مردوں میں شادی سے پہلے والا جوش و خروش اور محبت نظر نہیں آتی۔ اگر آپ خوشگوار ازدواجی زندگی چاہتے ہیں تو تحائف، سیر و سیاحت اور اظہار محبت کا ضرور اہتمام کریں۔