'افریقی ملالہ' کے لیے عالمی اعزاز
دوحہ(نیوز ڈیسک)خواتین کی تعلیم کیلئے کام کرنےوالے ادارے کیمفیڈ (camfed) کی بانی این کاٹن کولڑکیوں کی تعلیم کے لئے بیش بہاخدمات سر انجام دینے پر دنیائے تعلیم کے سب سے بڑے اعزاز وائز ایجوکیشن لاریٹ سے نوازا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں ایک باوقار تقریب قطر کے دارلحکومت میں منعقد کی گئی جہاں این کاٹن کی افریقہ کے دیہی علاقوں میں لڑکیوں اور نوجوان خواتین کی تعلیم کیلئے گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں وائز انعام 2014 سے نوازا گیا۔
قطر فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن شیخہ موضابنت ناصر نے ایوارڈ مس کاٹن کو پیش کیا۔انہوں نے ایوارڈ ملنے پر مسرت کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم کی راہ میں حائل مادی اور ذہنی رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ تقریب میں شریک پاکستانی مندوب قیصر رفیق نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ این کا کام پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے پروگرام کے لئے مشعل راہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لڑکیوں کی تعلیم کا معاملہ عالمی سطح پر اہمیت اختیار کر گیا ہے جس کا پاکستان کو بھی بھرپور فائدہ پہنچے گا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستانی لڑکی ملالہ یوسفزئی کو امن کا نوبل انعام ملا تھا جبکہ این کاٹن کو افریقہ میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے ایوارڈ دیا گیا ہے۔