مونچھوں کا مقابلہ ،حیرت انگیز مناظر
نیودہلی (نیوز ڈیسک) برصغیر کے مرد تاریخی طور پر مونچھ کو اپنی مردانہ شان کا لازمی حصہ قرار دیتے رہے ہیں لیکن بھارت میں منعقد کئے جانے والے مونچھ میلے میں نظر آنے والی مونچھیں تو کسی حیرتناک عجوبے سے کم نہیں۔ ریاست راجھستان کی جھیل پشکر کے کنارے ہر سال ایک میلہ مویشیاں منعقد کیا جاتا ہے جس میں مقابلہ حسنِ مونچھ کا بھی خصوصی اہتمام ہوتا ہے۔ اس مقابلے میں حصہ لینے والے مردوں کی مونچھیں کوئی عام مونچھیں ہرگز نہیں ہیں بلکہ انہیں دیکھ کر یوں لگتا ہے گویا کئی فٹ لمبی رسیاں ہوں۔
مقابلے کیلئے آنے والے اپنی مونچھوں کو گچھوں کی صورت میں لپیٹ کر آتے ہیں لیکن جب یہ مونچھیں کھلتی ہیں تو زمین کو چھونے لگتی ہیں۔
شرکاءاس مقابلے میں شرکت کیلئے کئی کئی سال تک مونچھوں کی پرورش کرتے ہیں اور پھر میلے میں آکر حاضرین سے اپنی محنت کی داد پاتے ہیں۔
اس سال میلے میں 3 لاکھ سے زائد لوگوں نے شرکت کی اور اگرچہ اس موقع پر لاکھوں جانوروں کی خریدوفروخت ہوئی، کھیلوں کے مقابلوں اور اونٹ دوڑ کا اہتمام کیا گیا لیکن لمبی مونچھوں کے مقابلے نے سب سے زیادہ توجہ اور مقبولیت حاصل کی۔