آئی ایم ایف پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی سازش کر رہا ہے
لاہور(کامرس ڈیسک پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی سازش کر رہا ہے تاکہ عالم اسلام کی واحد ایٹمی وقت اپنا وجود قائم رکھنے کیلئے امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے۔اگر ایسا ہوا تو امریکہ شرائط میں ایٹمی پروگرام ختم کرنا، چین سے تعلقات میں سرد مہری اور اسکے عدم استحکام میں کردار،اور بھارت کی بالادستی قبول کرتے ہوئے اسکی طفیلی ریاست بن کر رہنا شامل ہونگی۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے بعد پاکستان کو فارغ کرنے کیلئے حالات سازگار بنائے جا رہے ہیں تاہم اسکے لئے فوجی کاروائی کے بجائے اقتصادی جنگ کو ترجیح دی گئی ہے۔پاکستان کی برامدات گر رہی ہیں جو درامدات کو سہارا دینے کیلئے کافی نہیں، ترسیلات میں اضافہ تسلی بخش نہیں، توانائی کی چوری اور قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،ڈیموں کو سیاست کی نزر کر دیا گیا ہے، اقتصادی راہداری کی ناکامی کا ٹاسک بھارت کو دیا گیا ہے، اہم ادارے بیچے جا رہے ہیں،ایل این جی پراجیکٹ کو ناکام بنایا جا رہا ہے،کوئلہ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے تاکہ آئل امپورٹ بل کم نہ ہو جائے جبکہ ملک غیر ملکی ایجنٹوں کی جنت بن گیا ہے۔ ڈاکٹر مغل نے کہا کہ اس صورتحال میں ملک قرضوں کی ادائیگی کے قابل نہیں رہا اور درجنوں بارآئی ایم ایف کی کی شرائط پوری کر نے میں ناکام رہا ۔
اسکے باوجود اسے بخوشی مزید قرضے دئیے جا رہے ہیں جبکہ بین الاقوامی ادارے پاکستان کی فرضی اقتصادی کامیابیوں پر تالیاں بجا کر عوام کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہیں۔پاکستان کو اس حد تک قرضوں کے بوجھ تلے دبایا جارہا ہے کہ وہ نہ تو اپنا دفاع کرنے کے قابل رہے نہ امریکہ کے مرضی کے خلاف کچھ کرنے کا سوچ سکے جس کے بعد ان ملکوں اور اداروں کے عزائم کے راستہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔