مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیر اہتمام دعائے کمیل و مجلس ترحیم آج ہو گی
لاہور( نمائندہ خصوصی)مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیر اہتمام سانحہ جیکب آباد اور چھلگری کے شہداء کی یاد میں دعائے کمیل و مجلس ترحیم آج(جمعرات)8 بجے رات قومی مرکز شاہ جمال لاہور میں منعقد ہو گا جس میں ممتاز سکالر علامہ سید علی محمد نقوی خطاب کریں گے،مجلس وحدت مسلمین لاہور کے اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل رانا ماجد علی کا کہنا تھا کہ سانحہ جیکب آباد اور چھلگری کے شہداء کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سندھ اور بلوچستان کے حکمران کاروائی سے گریزاں ہیں،سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہیں،کالعدم جماعتوں کو کھلے عام ان صوبوں میں کام کرنے کی اجازت ہے، حکومت سندھ اور بلوچستان انتہا پسند جماعتوں کے سربراہان کو پرٹوکول دے رہی ہے،انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ملت جعفریہ کیخلاف ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کاروائیاں جاری ہے،ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف آواز اُٹھانے کی سزا دی جارہی ہے،ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے مملکت خداداد پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں بھی ہماری ہی ہیں۔
،ہم دشمنوں کی سازشوں سے بخوبی واقف ہیں،دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے انجام تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔