عوامی تحریک کا سیاسی سفر ظالمانہ نظام کی تبدیلی تک بلاتعطل جاری رہے ،ڈاکٹر حسن محی الدین

عوامی تحریک کا سیاسی سفر ظالمانہ نظام کی تبدیلی تک بلاتعطل جاری رہے ،ڈاکٹر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ بلدیاتی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار اپنی اپنی یونین کونسلوں میں عوامی اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے غریب عوام کو انصاف اور آئینی حقوق دلوانے کیلئے دھرنا دیا۔عوامی تحریک کا سیاسی سفر ظالمانہ نظام کی تبدیلی تک بلاتعطل جاری رہے گا۔عوامی تحریک کے امیدوار چیئرمینوں کی کارکردگی پر نظر رکھیں اور ان کی گردنوں پر انگوٹھا رکھ کر عوامی مسائل حل کروائیں۔کرپشن کے خاتمے کی مہم کا آغاز یونین کونسلوں سے کریں۔کنونشن میں لاہور کی مختلف یونین کونسلوں میں حصہ لینے والے امیدواروں اور ٹاؤنز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور گڑھی شاہو کی یونین کونسل 173سے موٹرسائیکل کے نشان پر بھاری اکثریت کے ساتھ جیتنے والے امیدوار امجد علی اور عوامی تحریک کے حمایت یافتہ کامیاب امیدوار فہد مغل کو کو سٹیج پر بلا کر پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔بلدیاتی ورکرز کنونشن سے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور ،چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید، جنرل سیکرٹری لاہور عارف چودھری اور راجہ زاہد نے خطاب کیا۔ چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید راجپوت نے سپاس نامہ پیش کیا اور لاہور میں عوامی تحریک کی تنظیم نو اور جماعت کو فعال بنانے کیلئے تجاویز دیں۔چیف کوآرڈینیٹر نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو مرکزی سیکرٹریٹ میں آمد اور ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس جماعت کے کارکنوں کو وقت کے فرعون صفت حکمران خریدنے میں ناکام رہے اس جماعت کے لیڈروں کو خریدنے کی کوئی جرأت بھی کیسے کر سکتا ہے۔ڈیل کی خبریں قاتلوں نے پھیلائیں جو ضرور انجام کو پہنچیں گے۔بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت نے انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے سے لیکر نتائج مرتب ہونے تک دھاندلی کی ۔آئندہ عام انتخابات میں ریاستی اداروں کے استعمال کی سہولت ان جمہوریت کے دشمنوں کے پاس نہیں ہو گی اور عوام آزادی کے ساتھ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔



انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران جو مورال قائم ہوا ہے اسے مستقل رابطہ عوام مہم میں تبدیل کیاجائے ۔ہمارا اصل ہدف اور امتحان 2018 کے عام انتخابات ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک دوسرے اور تیسرے مرحلہ کے بلدیاتی الیکشن میں بھی بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک لیڈروں کی نہیں کارکنوں کی جماعت ہے اس جماعت کی پالیسیاں اس کے کارکنوں کی مشاورت سے بنتی ہیں اور عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس کا ہر کارکن اپنے لیڈروں سے جب چاہے رابطہ کر سکتا ہے۔ عوامی تحریک کی لیڈرشپ شیشے کے ڈرائنگ روموں میں نہیں بیٹھتی وہ عوام میں سے ہے اور عوام کے ساتھ ہے۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری قربانیاں دینے والے اور عظیم مشن کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے ہر کارکن کو اس کے نام سے جانتے ہیں جبکہ میں دعویٰ سے کہتا ہوں تیس ،تیس سال اقتدار کے ایوانوں میں گزارنے والے اپنے ایم پی اے اور ایم این ایز کے نام بھی نہیں بتا سکتے اور ان کی کابینہ کے وزیر ان سے ملنے کیلئے کئی کئی ہفتے قطاروں میں لگے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام سے ملکر پاکستان عوامی تحریک کو پاکستان کی سب سے بڑی عوامی سیاسی جماعت بنائیں گے۔