آزاد امیدوارکی تصویرپمفلٹ میں شامل کرنے پرمقدمہ کی دائر درخواست ، ایس ایچ او کو نوٹس
لاہور(نامہ نگار )سیشن کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے آزاد امیدوار کواپنے پینل کا امیدوار ظاہر کرنے کے لئے ان کی تصویر اور نام کو پمفلٹ میں شامل کرنے کے الزام میں مقدمہ کے اندراج کے لئے دائر درخواست پر متعلقہ ایس ایچ او کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔یہ درخواست یونین کونسل 233کے وارڈ نمبر3،کے امیدوار فیصل مجیب شامی نے دائر کی ہے جس میں سید محمود الحسن گیلانی کی وساطت سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار آزاد امیدوار کے طور پراس حلقہ سے الیکشن لڑرہے تھے اور ان کاانتخابی نشان بالٹی تھا جبکہ اس یونین کونسل سے چودھری محمد حنیف آرائیں اور مرزا ظفر حسین پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر چیئرمین اور وائس چیئر مین کے امیدوار تھے ،انہوں نے اپنی تشہیر کے لئے پمفلٹ شائع کیا اس میں درخواست گزار کی تصویر ،نام اور انتخابی نشان نمایاں طور پر شائع کیا جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ فیصل شامی پیپلز پارٹی کے پینل میں ہے۔مدعا علیہان نے ایسا درخواست گزار کی مرضی کے بغیر کیا جو کہ قابل دست اندازی پولیس جرم ہے جبکہ پولیس مقدمہ درج نہیں کررہی ۔عدالت نے اس درخواست پر تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے ایس ایچ او کو 7نومبر کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔