باغبانپورہ میں ظالم شخص نے بیوی کو چھت سے دھکا دیکر مار ڈالا
لاہور(کرائم سیل)باغبانپورہ میں شوہر نے مبینہ طور پر 20سالہ بیوی کو چھت سے دھکا دے کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانہ میں جمع کروا کر تفتیش کا آغاز کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ باغبانپورہ مدینہ کالونی کا رہائشی ندیم نامی شخص پراپرٹی کا کام کرتا ہے، 3سال قبل اس نے زینب سے دوسری شادی کی جس کے بطن سے کوئی بچہ پیدا نہ ہوا۔ رات گئے دونوں میاں بیوی کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تو ندیم نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی ،خاتون کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال لیجایا گیا، جہا ں وہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔ اطلاع ملنے پر زینب کے ورثاء بھی دھاڑیں مارتے ہوئے ہسپتال پہنچ گئے جنہوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ندیم نے ان کی بیٹی کوبدترین تشدد کے بعد زہر دے کر چھت سے دھکا دے دیا ہے جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم ندیم کی زینب سے دوسری شادی تھی جبکہ پہلی بیوی سے اس کی ایک بیٹی اور بیٹا ہے ، پولیس کے مطابق واقعہ کی انکوائری کر رہے ہیں جبکہ اصل حقائق پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔