پاکستان سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ کرے گا ، جنرل راحیل شریف
جدہ (محمد اکرم اسد/بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کی جغرافیائی حدود کے تحفظ کا اعادہ کرتا ہے،پاکستان اور سعودی عرب علاقائی استحکام میں اہم شراکت دار ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں علاقائی تعاون دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف اور سعودی وزیر دفاع سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقات کے دوران فریقین کے درمیان دہشت گردی کی لعنت کو مشترکہ کوششوں سے ختم کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں شدت پسندی کے خاتمے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر قیادت نے کہا کہ پاکستان اور پاک فوج کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پاک فوج کی آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں کو سراہتے ہیں۔ ،اس موقع پر آرمی چیف کا کہناتھا کہ پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سالمیت کا تحفظ کرے گا۔ان اہم ترین ملاقاتوں میں علاقائی تعاون دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ سعودی عرب کیلئے پاکستان اور افواج پاکستان دونوں ہی اہم ہیں۔ پاکستان کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔گزشتہ روز سعودی عرب پہنچنے پرسعودی بری فوج کے سربراہ اور نائب وزیردفاع نے جنرل راحیل شریف کا بھرپور استقبال کیاتھا۔جنرل راحیل شریف نے سعودی فورسز کے چیف آف جنرل سٹاف عبدالرحمٰن بن صالح سے بھی ملاقات کی تھی جس میں دفاعی تعاون، سکیورٹی و خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔