امریکی قونصل جنرل کی ناصر شاہ سے ملاقات ،باہمی امور پر تبادلہ خیال

امریکی قونصل جنرل کی ناصر شاہ سے ملاقات ،باہمی امور پر تبادلہ خیال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی قونصل جنرل برائین نے منگل کے روز سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی قونصلیٹ جنرل برائین نے منگل کے روز وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر جے ٹی کینیڈی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایک گھنٹے سے زائد ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل نے ملکی سیاسی صورتحال اور بالخصوص صوبہ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے اور اب منعقد ہونے والے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہء خیال کیا۔ اس موقع پر برائین نے صوبائی وزیر کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت میں کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ ملاقات میں سندھ میں امن و امان کی صورت حال بالخصوص کراچی میں جاری آپریشن، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرھلے میں سیکورٹی کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے امریکی قونصل جنرل کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں کئے گئے اقدامات اور آئندہ ہونے والے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے لئے سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو صوبائی وزیر کی جانب سے سندھ کی روائتی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔