کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ، پاکستان نے اٹوٹ انگ کا بھارتی دعوٰی مسترد کر دیا

کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ، پاکستان نے اٹوٹ انگ کا بھارتی دعوٰی مسترد کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(آئی این پی )پاکستان نے کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے کے بھارتی دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم کردہ متنازعہ علاقہ ہے،بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی ہندوستانی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے قونصلر دیار خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہا کہ جموں و کشمیر کا قانونی اور حقیقی پس منظر بالکل واضح ہے اور بین الاقوامی برادری کو گمراہ کرنے کی بھارتی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔دیار خان بھارتی مندوب لعل کٹاریا کے تقریر پر ردعمل کا اظہار کررہے تھے جنہوں نے اپنی تقریر کے دوران کشمیر کو بھارت کا 'اٹوٹ انگ' قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان نے ایک بھارتی ریاست' پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں عوام 'آزاد اور منصفانہ' انتخابات میں حصہ لیتے رہے ہیں۔اس پر دیار خان کا کہنا تھا کہبھارتی کشمیر میں انتخابات کو سیکیورٹی کونسل قبول نہیں کرتا جبکہ کشمیر کی عوام بھی اسے مسترد کرتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانے سے روکنا چاہتا ہے اسی وجہ سے اس طرح کے الزامات عائد کررہا ہے۔پاکستان کے کشمیر پر 'قبضے' سے متعلق بھارتی الزام کے جواب میں دیار خان نے انڈیا سے درخواست کی کہ وہ یہ سوال کشمیر کی عوام پر چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ہماری طرح رائے شماری پر عمل درآمد کرتا ہے تو سب کو پتہ چل جائے گا کہ کون حقیقی طور پر کشمیر پر قابض ہے۔