ڈرائیونگ لائسنس مہم سے شہر میں خوف و ہراس پھیلا، محکمہ داخلہ سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے ٹریفک پولیس کی حالیہ مہم پر محکمہ داخلہ سندھ نے برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ آئی جی سندھ کو بھیجے گئے خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ مہم قانون پر عملدرآمد سے زیادہ عوام میں خوف وہراس پھیلانے کا ذریعہ بنی۔آئندہ منصوبہ بندی کے بغیر ایسی کوئی مہم نہ شروع کی جائے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ محمد وسیم نے خط میں لکھا ہے کہ مہم سے قانون پر عملدرآمد کے بجائے عوام میں خوف و ہراس پھیلا ہے۔مہم شروع کرتے وقت عوام کو دی گئی مہلت کو بھی نظر میں رکھا جائے۔خط میں لائسنس برانچز پر ہونے والی بدانتظامی پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔ خط کے متن کے مطابق مہم کے دوران پولیس افسران بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے ہیں۔خط میں ٹریفک پولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ کوئی بھی مہم پوری طرح پالیسی بنانے کے بعد شروع کی جائے۔ خط میں آئی جی سندھ کو یہ پیغام ٹریفک ڈپارٹمنٹ تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہیں۔خط میں تحریر ہے کہ امید ہے آئندہ کوئی بھی مہم مکمل مشاورت کے بعد شروع کی جائے گی۔