شانگلہ ،زلزلہ متاثرین میں رقوم کے اجراء کا سلسلہ شروع
الپوری(ڈسٹرکٹ رپورٹر)شانگلہ میں زلزلہ سے متاثرہ تباہ شدہ گھروں کے متاثرین کو امدادی رقوم کے اجراء کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور گزشتہ روز چالیس سے زائد متاثرین میں دو دو لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے، چیک تقسیم کرنے کی تقریبات الپوری ، شاہ پور،داموڑی اور رانیال ، میں منعقد ہوئی پاک آرمی کے کرنل ساجد،میجر مدّثر،ڈپٹی کمشنر شانگلہ سعادت حسن،اسسٹنٹ کمشنر شانگلہ تیمور افریدی، پی ڈی ایم اے کے ایڈمنسٹریٹر سردار زیب خان نے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے ،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل ساجد نے کہا کہ پاک فوج نے شانگلہ کی تمام متاثرہ یونین کونسلز میں سروے کا عمل شروع کیا ہے اورجن لوگوں کے گھر تباہ اور خراب ہوئے ہیں انہیں امداد دی جائے گی ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں کو رسائی ناممکن ہے وہاں ہیلی کاپٹر کے زریعے خوراک اور امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے ،ڈپٹی کمشنر شانگلہ سعادت حسن نے کہا کہ ضلع بھر میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں اور زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی اور مرکزی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں متاثرین کو امدادی چیکس دینے کا سلسلہ فوری طور پر شروع کر دیا ہے تاکہ جن لوگوں کے گھر متاثر ہوئے ہیں وہ جلد از جلد ان کی تعمیر کر سکیں رانیال کے ناظم سرفراز خان اور داموڑی کے تحصیل ناظم محمد جاوید خان نے زلزلہ متاثرین کی بھر پور مدد کرنے پر پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔