پوٹھوہار کو زیتون وادی میں بدلنے سے حوصلہ افزاسرمایہ کاری ہو گی ،مائلز ٹوڈر
لاہور ( اپنے خبر نگار سے )امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ، یو ایس ایڈ کی مالی مدد سے قائم کردہ پروگرام، پنجاب انیبلنگ انوائرنمنٹ پراجیکٹ(PEEP)ا ور حکومت پنجاب کے محکمہ زراعت نے مشترکہ طور پر آج ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس کا مقصد صوبہ پنجاب میں پوٹھوہار کے علاقے میں وادی زیتون کی ترقی کے لئے موجود مواقع اور چیلنجوں کو زیر بحث لانا تھا۔سیمینار میں سرکاری محکموں، نجی شعبے کی ایسوسی ایشنز، تجارتی تنظیموں اور تحقیقی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ پنجاب کے کسانوں اور ممکنہ سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر برائے صوبہ پنجاب مائلز ٹوڈر نے کہا کہ پوٹھوہار کے علاقے کو زیتون کی وادی میں تبدیل کر دینے سے زیتون کے شعبے میں نمایاں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی جو زیتون کی مصنوعات کی مُلکی برآمدات کو بڑھانے کا ذریعہ بنے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کا سیمینار یو ایس ایڈ کی طرف سے پنجاب میں زیتون کے شعبے کی ترقی کو دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے زیتون کے باغات کی کاروباری کاشت کے لئے پنجاب میں پوٹھوہار کا علاقہ زرخیز زمین اور بہترین موسمی ماحول پیش کرتا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب محمد شہریار سلطان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے وادی زیتون کے طور پر پوٹھوہار کے علاقے کو ترقی دینے کا منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے 2ارب 78کروڑ 20لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ منصوبے کے تحت 15ہزار 1سوایکڑ رقبے پر زیتون کی کاشت کے لئے آئندہ پانچ برسوں میں20لاکھ 38ہزار 5 سوپودے مفت فراہم کئے جائیں گے۔ سیمینار سے خطاب کرنے والوں میں پریزیڈنٹ اولیو گروورز ایسو سی ایشن ،اعظم نذیر شیخ، ڈائریکڑ جنرل ،ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹر عابد محمود، ڈائرکٹر اظہار گروپ، یعقوب طاہر اظہار، ایگری کلچر اسپیشلسٹ ،یو ایس ایڈ پنجاب اسد خان، چیف آف پارٹی یو ایس ایڈ (PEEP)محمد جنید اور بزنس انیبلنگ انوائرنمنٹ سپیشلسٹ یو ایس ایڈ(PEEP)اسد ظہور شامل تھے۔یوایس ایڈ کا پنجاب انیبلنگ انوائرنمنٹ پراجیکٹ 14.98 ملین ڈالر کا پانچ سالہ منصوبہ ہے جو نجی شعبے کی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے پالیسی اور ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے کام کر رہا ہے ۔