تعلیم کو اہمیت دینے والی قوموں نے ہی ترقی کی ہے ،ایڈمرل افتخار سروہی

تعلیم کو اہمیت دینے والی قوموں نے ہی ترقی کی ہے ،ایڈمرل افتخار سروہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل افتخار احمد سروہی اور دیگر دانشوروں نے کہا ہے کہ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ تعلیم کو اہمیت دینے والی قوموں نے ہی ترقی کی ہے جب کہ اسلامی فلاحی مملکت میں اسلامی اقدار اور جدید سائنسی علوم سے آراستہ نظامِ تعلیم کا جونقشہ تحریک پاکستان کے راہنماؤں کے ذہن میں تھا اسے عملی شکل اس لیے نہیں دی گئی کہ ہمارے حکمران جان بوجھ کرعوام کو تعلیم سے دور رکھ کر ان پر اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب بھی تعلیمی بجٹ میں اضافے کے بجائے مسلسل کمی کی جارہی ہے۔ تعلیمی میعار بھی تنزلی کا شکار ہے حالانکہ حالات کا تقاضا ہے کہ قوم کو جدید علوم سے آراستہ کرکے اقوامِ عالم کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوریٰ ہمدرد کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا موضوع ’’پاکستان میں فروغِ تعلیم کے اصل مقاصد سائنسی علوم اور اسلامی اقدار کا امتزاج‘‘تھا۔ شوریٰ ہمدرد کی قومی صدر سعدیہ راشد نے کہا کہ ملک کی سربلندی کے لیے ہمارے اربابِ اقتدار کو اسلامی اقدار اور سائنسی علوم پر مبنی نظامِ تعلیم وضع کرنا ہوگا۔ دیگر دانشوروں اورنگزیب اعوان، ثنااللہ اختر، پروفیسر نیاز عرفان، طارق محمود شاہین، پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد، منصور عاقل، بریگیڈئر(ر)اقبال شفیع اور نعیم اکرم قریشی نے کہا کہ شوریٰ ہمدرد متعدد مرتبہ حکمرانوں کو تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں سفارشات ارسال کرچکی ہے لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ جب تک ہمارے حکمران اپنے عوام کو جدید اسلامی اور سائنسی علوم سے آراستہ نہیں کریں گے ہماری قوم دنیا کا مقابلہ نہیں کرسکے گی۔