انتخابی نتائج نے منفی سوچ کو جنم دے دیا ہے،شاہ اویس نورانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء پاکستان سمیت تمام جماعتوں نے مطالبہ کیا تھا کہ پولنگ بوتھ پر فوج اور رینجرز تعینات کی جائے، مگر وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے اپنی مرضی سے سارے معاملات حل کئے، الیکشن کافی حد تک متنازعہ ہو چکے ہیں، یہ مکمل طور پر ROsکے انتخابات تھے، سیاسی بھرتیوں نے سیاسی ہمدردوں کو ایوانوں میں پہنچادیا ہے، سندھ بھر میں ایک ہی جماعت کی اتنے بڑے پیمانے کامیابی اصل میں انتخابات میں ہونے والے سیاسی دھاندلی کی نشانی ہے، جے یو پی کراچی کے بلدیاتی کنونشن کے حوالے سے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ انتخابی نتائج نے منفی سوچ کو جنم دے دیا ہے، کوئی بھی جماعت نتائج سے مطمئن نہیں ہے،مذہبی جماعتوں کو ووٹ سے شکست نہیں ہوئی ہے بلکہ آپس کے اختلافات سے شکست ہوئی ہے، تحریک انصاف وائٹ واش کا تصور کرلیا تھا، مگر تنہا سیاست نے انہیں کئی سال پیچھے دھکیل دیا، صوبہ سندھ میں خصوصی طور پر فوج کے بغیر انتخابات نا ممکن ہیں، سندھ میں الیکشن نہیں سلیکشن ہوا ہے، دوسرے مرحلے میں الیکشن کمیشن فوج لگائے ورنہ انتخابات کے غیر جانبدار ہونے کا ڈھونڈورا نہ پیٹے،غازی علم الدین شہید کے یوم کی مناسبت سے ایک پیغام دیتے ہوئے شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہاکہ سلمان تاثیر اس دور کا گستاخ راج پال تھا اور غازی ممتاز قادری اس دور کا غازی علم الدین شہید ہے، جمعیت علماء پاکستان ممتاز قادری کی رہائی کو اپنا فرض عین سمجھتی ہے، یہ مہم رہائی تک جاری رہے گی، اس موقع پر موجود جمعیت علماء پاکستان کراچی ڈویژن کی قیادت نے کہا کہ سنی عوام اہل سنت و جماعت کی سیاسی نمائندگی کے لئے جمعیت علماء پاکستان کے نمائندوں کو کامیاب کریں، ہم غازی ممتاز قادری کو بھی رہا کروائینگے او ر آسیہ ملعونہ جیسے تمام گستاخان رسول کو پھانسی پر لٹکانے کا انتظام کرینگے، ناظم اعلیٰ جے یو پی کراچی ڈویژن محمد مستقیم نورانی نے کہا کہ 8نومبر کے دن خواتین اسلامک مشن ہال کراچی میں جے یو پی کراچی کا نورانی بلدیاتی کنونشن منعقد ہوگا،مخالفین کو ٹف ٹائم دینگے