نیب بلا امتیاز احتساب کے ذریعے بد عنوانی کے خاتمے میں کردار ادا کرے: ممنون حسین
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی احتساب بیورو پر زور دیا ہے کہ وہ بلاامتیاز احتساب کے ذریعہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے یہ بات ڈپٹی چیئرمین نیب محمد امتیاز تاجور سے بدھ کو ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی کی لعنت نے ملکی معیشت اور اداروں کی ترقی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نیب کرپشن کے خلاف عوامی شعور کی بیداری، استغاثہ کو مضبوط بنانے اور قوانین کے موثر نفاذ پر محیط جامع حکمت عملی اختیار کر کے بدعنوانی کے خاتمے میں سرگرم کردار ادا کیا جائے۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے صدر مملکت کو بدعنوان عناصر کے احتساب کیلئے نیب کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ دریں اثنا نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے بھی صدر مملکت ممنون حسین سے الگ ملاقات کی اور انہیں اپنے ادارے سے متعلق امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر نے انہیں ہدایت کی کہ تربیتی سہولیات کا دائرہ نوجوانوں کی وسیع تر تعداد تک بڑھایا جائے تاکہ ہنرمند افرادی قوت کی بنیاد کو وسعت حاصل ہو اور ملک میں بے روزگاری میں کمی واقع ہو۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرمایہ دوست پالیسی دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے یہ بات صدر مملکت نے یوکرائن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل اطہر عباس سے بات چیت کرتے ہوئے کی، جنہوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ یوکرائن کے سرمایہ داروں کو ترغیب دیں کہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔صدر مملکت نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نامزد سفیردونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے تجارتی حجم میں اضافہ ہوا ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس تجارتی حجم میں مزید اضافہ کیا جائے۔صدر مملکت نے کہاکہ تعلقات کا دائرہ کار عوامی سطح تک بھی وسیع کیا جائے تو اس کے علاوہ تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی وفود کا بھی تبادلہ ہو نا چاہیے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو تاکید کی کہ پاکستانی معاشرے کی جمہوریت پسندی، روشن خیالی اور شاندار ثقافتی ورثے کو نمایاں کریں۔اس موقع پر صدر مملکت نے نامزد سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔