رانا بلال حادثہ قتل کیس کے مرکزی ملزم طلحہ نوید کی ضمانت کی درخواست خارج
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جوہر ٹاون میں رانا بلال حادثہ قتل کیس کے ملزم طلحہ نوید کو ضمانت کی تاریخ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیاجہاں عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت کے روبرو مقتول رانا بلال کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم طلحہ باپ کے ڈی ایس پی ہونے کا فائدہ اٹھا رہا ہے لہٰذا عدالت ملزم کی ضمانت خارج کرے جبکہ پولیس نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ ابھی تفتیش مکمل نہیں ہوئی مزید تفتیش کرنا چاہتے ہیں جبکہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج ہے ضمانت نہیں دی جاسکتی لہٰذا ملزم کی ضمانت منسوخ کرکے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔
دوسری طرف ملزم کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ حادثے کے وقت ملزم طلحہ گاڑی نہیں چلارہا تھا اس کا واقعے سے کوئی تعلق نہیں اگر ملزم گاڑی چلارہا ہوتا تو خودبھی زخمی ہوتا ۔ مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ملزم کو جوڈیشل کیا جائے۔ وکیلِ صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی عمر کم ہے لہٰذا جیل نہ بھیجا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاجو کچھ گھنٹوں کے وقفے کے بعد سنایا گیا جس میں عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کردیا۔